ٹوبہ ٹیک سنگھ ( بیورو چیف) گزشتہ شب محلہ عید گاہ، اقامت گاہ بانی محفل بابا نوید اجمل قادری میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و بڑی گیارہویں شریف کے سلسلہ میں محفل مقدسہ کا انعقاد ہوا ۔جس میں بانی و چیئرمین تحریک احیاء صوفی ازم انٹرنیشنل پیر صوفی ڈاکٹر محمد سلیم غازی چشتی نظامی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ صدارت کے فرائض استاد العلماء حضرت علامہ مولانا مفتی عبدالمنان نقشبندی نے سر انجام دئیے۔ محفل مقدسہ کی نعتیہ نشست میں معروف ثناء خوان مصطفیٰ بلبل مدینہ فخر ٹوبہ ٹیک سنگھ صدر چشتیہ نعت کونسل ندیم چشتی اور معروف ثناء خوان ملک سعید سلیم نے بحضور سرور انبیاء گلہائے عقیدت کے پر نور پھول نچھاور کیے۔ سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں فخر اہلسنت والجماعت، علامہ ابن علامہ ابن علامہ شہزادہ خطابت دارالعلوم کریمیہ رضویہ کے جلیل القدر چشم و چراغ حضرت پیر مولانا منعم حسنین صدیقی نے خصوصی خطاب کیا۔ اپنے خطاب ذیشان میں مولانا منعم حسنین صدیقی نے کہا کہ کائنات کا وجود آقائے ہر جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مرہون منت ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی کائنات کے وجود کی وجہہ تسمیہ ہے۔ آپ نا ہوتے تو کائنات کا وجود نہ ہوتا۔ حضور کی ذات اقدس پر درود و سلام کے نذرانے پیش کرنا ہر مومن کے ایمان کا حصہ ہونا چاہیے کیونکہ روز محشر یہ درود ہی ہوگا جو محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے ہماری شفاعت و نجات کا باعث بنے گا۔ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کائنات کی وہ عظیم المرتبت ہستی ہیں جن پر میرا رب اور فرشتے خود درود وسلام بھیجتے ہیں ۔ اسلیے ہم سب پر فرض ہے کہ بطور پکے سچے مسلمان حضور کی ذات اقدس پر درود و سلام کا اہتمام کریں اور اتباع رسول سے اپنی دنیوی و اخروی زندگی کو سنوارتے ہوئے فلاح حاصل کر سکے ۔ اختتام محفل پیر آف ٹوبہ ٹیک سنگھ پیر صوفی ڈاکٹر محمد سلیم غازی چشتی نظامی نے سر بلندی اسلام، امنیت ملک اور باران رحمت کے لیے خصوصی دعا کی ۔



