ٹوبہ ٹیک سنگھ ( بیورو چیف) لائلپور میوزیم فیصل آباد ڈویژن بھر کے طلباء وطالبات کے لیے تاریخی اور ثقافتی ورثہ ہے۔ دور حاضر میں لائلپور میوزیم نسل نو کے لیے اپنے آباؤ اجداد کی جڑوں سے جڑنے کا اہم ذریعہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار معروف علمی و ادبی شخصیت پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق نیازی نے لائلپور میوزیم کے معلوماتی دورہ کے دوران کیا۔ جبکہ اس موقع پر ان کے ہمراہ صدر پریس کلب رانا خالد محمود، چیئرمین پریس کلب عارف جانباز قاضی، سابق صدر پریس کلب و سابق چیئرمین ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ ڈسٹرکٹ ٹوبہ چوہدری عمران ندیم سدھو اور سینئر صحافی نمائندہ اے بی این نیوز محمد آصف ندیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو قوم اپنا کلچر بھول جائے وہ اپنی پہچان کھودیتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق نیازی کا کہنا تھا تعلیمی اداروں کے سربراہان کو چاہیے کہ وہ طلباء و طالبات کے لیے ایسے میوزیم کے مطالعاتی دورہ جات کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کریں تاکہ دور حاضر کا نوجوان بھرپور انداز میں اپنے تاریخی ورثے سے مستفید ہو سکے۔ اس موقع پر فیلڈ آفیسر لائلپور میوزیم میڈم شہناز محمود نے پریس کلب ٹوبہ ٹیک سنگھ کے وفد کو میوزیم میں موجود ہر گیلری کے بارے میں قیمتی و مفید معلومات کی ترسیل کی۔ جبکہ ان کا کہنا تھا کہ لائلپور میوزیم اب ہر اتوار کو لوگوں کی سہولت کے لیا کھلا رہا کرے گا ۔



