جھنگ روڈ پر تعمیر ہونے والے نالے کے ہلکی پھلکی بارش کے دوران بیٹھ جانے سے تعمیراتی کام کے معیار پر سنگین سوالات اٹھنے لگے

ٹوبہ ٹیک سنگھ(بیورو چیف)
جھنگ روڈ پر تعمیر ہونے والے نالے کے ہلکی پھلکی بارش کے دوران بیٹھ جانے سے تعمیراتی کام کے معیار پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں، شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر معمولی بارش بھی نالے کی مضبوطی برداشت نہیں کر سکی تو مستقبل میں تیز بارشوں کے دوران صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، واقعے نے متعلقہ محکموں کی نگرانی، تعمیراتی میٹریل کے معیار اور ترقیاتی منصوبوں کی پائیداری کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر عوامی خزانے سے خطیر رقوم خرچ کی جاتی ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں، لیکن اگر تعمیراتی کام مطلوبہ معیار کے مطابق نہ ہو تو ایسے منصوبے عوام کے لیے سہولت کے بجائے پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں،شہری حلقوں کے مطابق نالوں کی تعمیر میں معیاری میٹریل، مناسب بنیادوں، فنی اصولوں اور مثر نگرانی کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے، اگر تعمیر کے دوران ان امور کو نظرانداز کیا جائے تو نہ صرف سرکاری وسائل ضائع ہونے کا خدشہ ہوتا ہے بلکہ شہریوں کی آمدورفت اور نکاسی آب کا نظام بھی متاثر ہو سکتا ہے،شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جھنگ روڈ پر تعمیر ہونے والے نالے کے متاثرہ حصے کا فوری معائنہ کیا جائے، تعمیراتی میٹریل اور کام کے معیار کی تکنیکی جانچ کرائی جائے اور یہ معلوم کیا جائے کہ نالہ بیٹھنے کی اصل وجہ کیا ہے، اگر تحقیقات میں ناقص میٹریل یا تعمیراتی بے ضابطگی ثابت ہو تو ذمہ دار ٹھیکیدار اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے،شہریوں نے مزید مطالبہ کیا کہ متاثرہ حصے کی محض عارضی مرمت کے بجائے مستقل اور معیاری بنیادوں پر بحالی یقینی بنائی جائے تاکہ آئندہ بارشوں میں دوبارہ نقصان نہ ہو، ان کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد بھی ان کی نگرانی اور معیار کی جانچ کا مثر نظام ہونا چاہیے، کیونکہ عوامی پیسے کا درست استعمال اور شہریوں کو پائیدار سہولیات فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے،اب دیکھنا یہ ہے کہ متعلقہ حکام اس معاملے کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کا تعین کرتے ہیں یا جھنگ روڈ پر بیٹھنے والا یہ نالہ بھی دیگر ترقیاتی منصوبوں کی طرح عوامی سوالات کی زد میں رہتا ہے۔

Scroll to Top
WhatsAppCallMessage